بنگلورو،20؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی وزیر مالگزاری آر وی دیش پانڈے نے کل بلگاوی میں بی جے پی قائدین کی دعوت میں ریاستی وزیر رمیش جارکی ہولی کی شرکت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اس کو خصوصیت کے ساتھ دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے، سیاسی قائدین کی دعوتوں میں مختلف پارٹیوں کے قائدین کی شرکت ایک روایت رہی ہے۔ اس دعوت میں اسمبلی اسپیکر رمیش کمار اور ریاستی وزیر جئے مالا بھی حاضر رہے۔ پھر صرف رمیش جارکی ہولی کو ہی الگ نظریہ سے کیوں دیکھاجارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سیاسی قائدین کے ہاں ہونے والی دعوتوں میں شرکت بھی اگر میڈیا کو برداشت نہیں تو کیا کہاجاسکتاہے۔ دیش پانڈے نے کہاکہ وہ خود بھی اس دعوت میں مدعو تھے، لیکن مصروفیت کے سبب جانہیں پائے۔ اسی طرح وزیر آبی وسائل ڈی کے شیوکمار کی دعوت میں متعدد بی جے پی قائدین شریک رہے، اس کو کیوں سیاسی رنگ نہیں دیاگیا؟۔ ریاستی وزیر جئے مالا نے اس دعوت میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے کچھ دوستوں نے انہیں دعوت میں مدعو کیا تھا اور وہ اس دعوت میں شریک بھی رہیں ، ان کی شرکت کا کوئی خاص مطلب اخذ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔